26

پاکستان میں پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کی کامیابی پر امریکا کا ردعمل

واشنگٹن:عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل سے صحافیوں نے پاکستان میں عام انتخابات اور اس کے نتائج سے متعلق متعدد سوالات کیے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں پولنگ کے دن موبائل فونز اور انٹرنیٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جمہوری عمل کے جاری رہنے اور آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق کی فراہمی کے خواہش مند ہے۔
صحافی نے پھر سوال کیا کہ مان لیتے ہیں کہ پاکستانی عوام پی ٹی آئی سے وابستہ آزاد امیدواروں کی اکثریت کو منتخب کرتے ہیں، لیکن پھر بیک ڈور مذاکرات سے اچانک وزیراعظم کے لیے ایک اور امیدوار سامنے آتا ہے جس کے پاس اکثریت ہے تو کیا یہ امریکا کے لیے ٹھیک رہے گا۔
امریکی ترجمان نے کہا کہ میں اس معاملے پر قیاس آرائیاں نہیں کرنا چاہوں گا جو ابھی آپ کر رہے ہیں۔ جب ایسی صورت حال پیدا ہوگی تب ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں انتخابات ہوچکے ہیں ایسے میں کیا امریکا کے پاس لوگوں کے لیے کوئی پیغام ہے؟ فورا ہی صحافی نے معذرت کرتے ہوئے اپنا سوال دوبارہ دہرایا کہ کیا پاکستان میں متنازع انتخابات کے بعد امریکا کا پاکستان میں لوگوں کو کوئی پیغام ہے؟
جس پر امریکی ترجمان نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے گئے اور میں پھر اپنی بات دہراوں گا کہ پاکستان کی مستقبل کی قیادت کا فیصلہ وہاں کے عوام کو کرنا ہے۔ ہماری دلچسپی جمہوری عمل کے جاری رہنے میں ہے۔
امریکی ترجمان نے انتخابات سے متعلق پرتشدد واقعات کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے موبائل فونز اور انٹرنیٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے کی خلاف ورزیوں کے معاملات پر نگاہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں