39

پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان:بلاول

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا آج بھی یہی موقف ہے، کل بھی یہی موقف تھا ، استعفے ایٹم بم ہیں، آخری ہتھیار ہونا چاہیے، جس کو استعفا دینا ہے دے دیں لیکن کسی پارٹی کو ڈکٹیٹ نہ کریں۔ پیپلز پارٹی اور اے این پی سے معافی مانگی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی معاشی پالیسیوں پر بات کی گئی۔ اگر آپ کو آئی ایم ایف کیساتھ بندکمریمیں فیصلہ کرنا ہے تو بجٹ بھی وہیں منظور کرائیں، حکومت اورآئی ایم ایف ڈیل عوام دشمن ہے، ہم حکومت اور آئی ایم ایف ڈیل پر مطمئن نہیں، ہم نے پہلے بھی ڈیل پر اعتراض کیا اور اب بھی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کو پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل ختم کرنا چاہیے کیونکہ ڈیل سے پاکستان کے عوام پر بوجھ بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست عزت اور برابری کی بنیاد پر کی جاتی ہے، شوکاز دینے کی کوئی مثال پاکستان کی تحریکوں میں نہیں ملتی، جب پی ڈی ایم کے ایکشن پلان پر عمل نہیں ہورہا تھا تو کسی کو شوکاز نوٹس نہیں دیا گیا، پنجاب میں سینیٹ کی5 نشستیں پی ٹی آئی کو دی گئیں تو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا، (ن) لیگ نے گلگت بلتستان میں اقلیت میں ہوتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا حق چھیننے کی کوشش کی،ہم اپوزیشن کے خلاف اپوزیشن کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں،ہمارے دروازے ہر اس جماعت کیلئے کھلے ہیں جو حکومت کے خلاف ہے۔ ہم اے این پی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں