158

امریکہ میں بچوں نے بینک لوٹ لیا

رپورٹ کے مطابق نوعمر ڈکیتوں نے بینک کاونٹر پر بیٹھے عملے کو ایک دھمکی آمیز نوٹ دیا اور مخصوص رقم لے کر پیدل ہی فرار ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی شہر ہیوسٹن میں پیش آیا جہاں تین کم عمر لڑکوں جن کی عمریں 11، 12 اور 16 سال تھیں نے گرین پوائنٹ ایریا میں واقع ویلز فارگو بینک کو لوٹ لیا۔
واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور جب سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ڈاکو ناقابل یقین حد تک نوعمر تھے۔
بینک کے کیمرے چیک کرنے کے بعد پولیس نے مختلف مقامات پر لڑکوں کے پوسٹرز لگا دیے جس میں لکھا تھا کہ ان بچوں نے ایک بینک لوٹا ہیں ان کو پہچانیں اور گرفتاری میں پولیس کی مدد کریں۔
ملزمان کی تصویر جاری ہونے کے کچھ دیر کے بعد والدین پولیس تھانے میں اپنے 11 اور 12 سالہ لڑکوں کے ساتھ داخل ہوئے اور دونوں کو پولیس کے حوالے کردیا جب کہ 16 سالہ لڑکا سڑک پر لڑائی کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
اس حوالے سے ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج کا کہنا ہے کہ اتنے کم سن ڈاکووں کے ہاتھوں بینک ڈکیتی غیر معمولی واقعہ ہے جب کہ ایک وکیل کا کہنا تھا کہ تینوں بچوں پر ڈکیتی کا الزام ہے اور انہیں 18 یا 19 سال کے ہونے تک قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں